ابنا: کراچی ائیرپورٹ پر دہشت گردی کی دنیا بھر سے مذمت کی جارہی ہے۔ امریکا نے کراچی ائیرپورٹ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے تحقیقات میں مدد دینے کی پیشکش کی ہے۔ وائٹ ہائوس کے ترجمان جوش ارنسٹ کا کہنا ہے کہ امریکا کراچی ائیرپورٹ پر شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کا شریک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حملے کے باوجود حکومت پاکستان کو ہی اس بات کا فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کرنا چاہتی ہے یا نہیں؟
ادھر امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان میری ہارف نے بھی ہفتہ وار بریفنگ میں کراچی حملے کی مذمت کرتے ہوئےکہا کہ یہ پاکستانی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ میری ہارف نے کہا کہ امریکا نے دہشت گری کے خلاف جنگ میں ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے کیونکہ یہ ہماری مشترکہ جنگ ہے۔
ادھر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے پاکستان میں دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایسے واقعات کو روکنے کے لیے مزید اقدامات کرے۔ بان کی مون نے کراچی ایئرپورٹ پر حملے کی بھی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پاکستان میں تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش ہے۔
.......
/169